پی آر
اسامہ زاہد
ایس این این اردو
بیورو چیف، ساؤتھ ایسٹ ایشیا
بلوچستان میں دہشت گردی ناکام، 92 دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں کی گئی دہشت گردی کی
ایک بڑی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا ہے۔ مؤثر اور بروقت کارروائیوں کے دوران 92 دہشت گرد ہلاک جبکہ قوم
کے 15 بہادر جوان شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 جنوری کو فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے بلوچستان میں امن و امان کو
خراب کرنے کی کوشش کی۔ دہشت گردوں نے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، پنجگور، تمپ، گوادر اور پسنی سمیت
مختلف علاقوں میں حملوں کا منصوبہ بنایا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بزدلانہ کارروائیاں غیر ملکی آقاؤں کی ہدایات پر کی گئیں، جن کا مقصد بلوچستان کی ترقی کو روکنا
اور مقامی آبادی کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرنا تھا۔
دہشت گردوں نے گوادر اور خاران میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جہاں خواتین، بچوں، بزرگوں اور مزدوروں سمیت 18 بے
گناہ شہری شہید ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
بلوچستان بھر میں جاری شدید اور جرات مندانہ کلیئرنس آپریشنز کے دوران فورسز نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور
3 خودکش بمباروں سمیت 92 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 15 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، جنہوں نے ملک و قوم کے دفاع میں عظیم قربانی دی۔
متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز تاحال جاری ہیں، جبکہ ان حملوں کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور معاونین
کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انٹیلی جنس رپورٹس سے واضح طور پر ثابت ہوا ہے کہ یہ حملے پاکستان سے باہر موجود دہشت گرد سرغنوں کی ہدایات پر کیے
گئے، جو کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے مسلسل رابطے میں تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل 30 جنوری کو پنجگور اور ہرنائی میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 41 دہشت گرد
ہلاک کیے گئے تھے۔ گزشتہ دو روز میں ہونے والی کامیاب کارروائیوں کے بعد بلوچستان میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی
مجموعی تعداد 133 ہو چکی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم تمام دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وفاقی
ایپکس کمیٹی کے ایکشن پلان کے تحت شروع کی گئی انسداد دہشت گردی مہم “عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق سیکیورٹی
فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پرعزم ہیں۔
“مزید پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے انسداد دہشت گردی آپریشنز”
