عابدہ کاہلوں
ایس این این اردو پاکستان
شاہکوٹ: پولیس پر فائرنگ، دو اہلکار زخمی
شاہکوٹ ضلع ننکانہ صاحب تھانہ صدر شاہکوٹ کی حدود میں مشکوک موٹر سائیکل سواروں کی پولیس پر فائرنگ سے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس اہلکاروں نے مین جی ٹی روڈ پر ایک مشکوک موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا۔ اس دوران موٹر سائیکل سواروں نے اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل عدنان اور ڈرائیور کانسٹیبل تزمل عزیز زخمی ہوگئے۔ دونوں زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ننکانہ فراز احمد موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بعد ازاں وہ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد بھی گئے جہاں انہوں نے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی ہمت و دلیری کو سراہا۔ ڈی پی او نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی اور پولیسفورس کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
ڈی پی او فراز احمد کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جان ہتھیلی پر رکھنے والے پولیس جوان قابل فخر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔