شاہین اقبال طاہر
تحصیل رپورٹر، شاہ کوٹ
ایس این این اردو
سانگلہ ہل میں ٹریفک پولیس کے وارڈن محمد عمر نے فرض شناسی اور دیانتداری کا عملی ثبوت دیتے ہوئے شہریوں کی بھرپور
توجہ حاصل کر لی۔ دورانِ ڈیوٹی شیر والا چوک کے قریب سڑک پر انہیں بھاری رقم ملی، جس پر انہوں نے کسی بھی ذاتی
فائدے کے بارے میں سوچنے کے بجائے فوری طور پر اصل مالک تک پہنچنے کا فیصلہ کیا۔
ٹریفک وارڈن محمد عمر نے اپنے انچارج ٹریفک پولیس ابوبکر اور دیگر اہلکاروں کے تعاون سے رقم کے مالک کی تلاش کے لیے مؤثر
اقدامات کیے۔ کوششیں رنگ لائیں اور رقم کی مالک ایک یونیورسٹی کی طالبہ کے طور پر سامنے آئیں، جنہیں مکمل رقم
بحفاظت واپس کر دی گئی۔
رقم واپس ملنے پر طالبہ اور اس کے اہلِ خانہ نے ٹریفک پولیس کی دیانتداری کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور اسے قابلِ تقلید
اقدام قرار دیا۔ واقعے کے بعد سانگلہ ہل کے عوامی، سماجی اور مذہبی حلقوں کی جانب سے بھی ٹریفک وارڈن محمد عمر کو
زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے باکردار اور ایماندار اہلکار نہ صرف معاشرے میں اعتماد کو فروغ دیتے ہیں بلکہ محکمہ پولیس کے
مثبت تشخص کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک وارڈن محمد عمر کی
کارکردگی پر انہیں تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا جائے تاکہ دیگر اہلکار بھی اسی جذبے کے تحت اپنی خدمات انجام دیں۔
ایمانداری نے سانگلہ ہل میں ٹریفک پولیس کا مثبت چہرہ اجاگر کر دیا۔
ایمانداری نے سانگلہ ہل میں ٹریفک پولیس کا مثبت چہرہ اجاگر کر دیا۔
