اختر خان
اسلام آباد
ایس این این نیوز
مورخہ: 21 جنوری 2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت چیف منسٹر سیکرٹریٹ
کوئٹہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت بلوچستان اور پاکستان ریلویز کے درمیان پیپلز ٹرین سروس سمیت
مختلف مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر اصولی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر ریلویز نے پیپلز ٹرین سروس کو پاکستان ریلویز اور حکومت بلوچستان کے باہمی تعاون کی ایک مثبت
مثال قرار دیا اور کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان میں عوام کو سستی، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے میں اہم
کردار ادا کرے گا۔
محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز کی 78 سالہ تاریخ میں پہلی بار صوبائی سطح پر اختیارات کی منتقلی کا
عملی قدم اٹھایا گیا ہے، جس میں بلوچستان نے قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اسے وفاق اور صوبوں کے درمیان اعتماد اور
اشتراکِ عمل کی مضبوط مثال قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس میں بتایا کہ پیپلز ٹرین سروس منصوبے کے لیے ایک ارب 40 کروڑ روپے کی
رقم رواں ہفتے جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سریاب سے کچلاک تک پیپلز ٹرین سروس کے بعد مستونگ اور پشین تک اس
کی توسیع کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان ریلوے اسٹیشنز کی تعمیر، مرمت اور انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے
وسائل فراہم کرے گی، جبکہ ریلوے نظام کی بحالی اور عوام کو سستی سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین
ترجیحات میں شامل ہے۔
اجلاس کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر ریلویز نے ریلوے فٹ بال گراؤنڈ کا دورہ بھی کیا اور عوامی مفاد کے
منصوبوں میں تیز رفتار پیش رفت کے عزم کا اظہار کیا۔
پیپلز ٹرین سروس بلوچستان میں سستی اور محفوظ سفری سہولیات کی جانب اہم قدم قرار دی گئی۔
