کہوٹہ (او سی):
کہوٹہ اور اس کے گردونواح میں 13 رجب المرجب، یومِ ولادت امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام نہایت عقیدت، احترام اور
مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
مرکزی امام بارگاہ قیصر آل عمران کہوٹہ میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں اہلِ ایمان کی بڑی تعداد نے شرکت
کی۔ شہر بھر کی مساجد اور امام بارگاہوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا، کیک کاٹے گئے، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور ملک و
قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ حضرت علیؑ کی تعلیمات عدل، مساوات، شجاعت اور تقویٰ پر مبنی ہیں، جن
پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں حقیقی اصلاح اور انقلاب لایا جا سکتا ہے۔
سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے، پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات رہے۔
ایس ڈی پی او کہوٹہ وقار عظیم نے امام بارگاہ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والے اہلکاروں کو شاباش دی۔
شرکاء نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی ترقی، امن و سلامتی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
