اسکینڈے نیوین نیوز اردو

لاہور میں جدید تفریحی منصوبہ، کامران بارہ دری کی توسیع

Thank you for reading this post, don't forget to subscribe!

شمائلہ اسلم


بیورو چیف پاکستان


ایس این این نیوز اردو

ترجمان وزیر ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق لاہور میں عوام کے لیے

جدید اور منفرد تفریحی مقام بنانے کی تیاریاں شروع کر دی

گئی ہیں۔ وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر

صدارت پی ایچ اے لاہور میں اجلاس ہوا، جس میں کامران بارہ

دری کے توسیعی منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور ڈی جی پی

ایچ اے منصور احمد نے منصوبے کے خدوخال پر بریفنگ دی۔

منصوبے کے تحت کامران بارہ دری کا رقبہ 5 ایکڑ سے بڑھا کر

15 ایکڑ کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ منصوبے کی تکمیل

کے لیے ابتدائی تخمینے بھی تیار کر لیے گئے ہیں۔

بلال یاسین نے بتایا کہ منصوبے میں راوی شو ریسٹورنٹ، آٹریم

ڈائننگ، شپ ڈائننگ، اسکائی ڈائننگ اور بیکری کی سہولیات

شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ گالف کورٹ، واک ویز، بگھی ٹریک،

فاؤنٹینز، پلے ایریا اور سیلفی پوائنٹس بھی بنائے جائیں گے

تاکہ شہریوں کو تفریح کے جدید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

منصوبے میں چہار باغ، سجاوٹی روشنیوں کی تنصیب اور 2

ایکڑ پر پارکنگ ایریا کی تعمیر بھی شامل ہے۔ وزیر ہاؤسنگ

پنجاب بلال یاسین کی منظوری کے بعد منصوبہ وزیراعلیٰ

ہاؤس بھجوا دیا گیا ہے۔

یہ منصوبہ لاہور کے تاریخی ورثے کو جدید تفریحی سہولیات

کے ساتھ جوڑنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔