شمائلہ اسلم
بیورو چیف پاکستان
ایس این این نیوز اردو
لاہور (ایس این این نیوز) — صوبائی دارالحکومت لاہور میں بڑھتی ہوئی آبی آلودگی پر قابو پانے کیلئے پنجاب حکومت نے عملی اقدامات تیز کر دیے
ہیں۔ وزیرِ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت ہاؤسنگ، ماحولیات اور واسا حکام کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں لاہور کی 55 نجی ہاؤسنگ سکیموں سے خارج ہونے والے گندے پانی کے مؤثر ٹریٹمنٹ کیلئے جامع تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیر ہاؤسنگ
بلال یاسین نے ایل ڈی اے، واسا، پی ایچ اے اور محکمہ ماحولیات کو مشترکہ سفارشات تیار کرنے کی ہدایت دے دی۔
بلال یاسین نے کہا کہ “صاف ماحول اور پائیدار اربن ڈویلپمنٹ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ نجی ہاؤسنگ سکیموں میں جدید ٹریٹمنٹ پلانٹس کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔”
انہوں نے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے سات دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ کمیٹی نیشنل انوائرمنٹل کوالٹی اسٹینڈرڈز (NEQS) کے مطابق تجاویز مرتب کرے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہڈیارا ڈرین کے اطراف ماحولیاتی تحفظ کیلئے پی ایچ اے 13 ہزار سے زائد پودے لگائے گی۔
وزیر ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ فیلڈ وزٹ کے دوران سیوریج سسٹم، ٹریٹمنٹ پلانٹس اور ڈسپوزل پوائنٹس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے تاکہ لاہور کو آبی آلودگی سے پاک شہر بنایا جا سکے۔