خالد چوغطہ
ایس این این نیوز اردو
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تحت قائم ورچوئل سنٹر فار چائلڈ
سیفٹی نے جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے
430 سے زائد گمشدہ اور لاوارث بچوں، خصوصی افراد اور شہریوں
کو ان کے اہلخانہ سے ملا دیا۔
تفصیلات کے مطابق، مختلف فلاحی اداروں کا ریکارڈ “میرا پیارا”
ڈیٹا بیس سے منسلک کیا گیا، جس کی بدولت برسوں سے ایدھی
سینٹرز، چائلڈ پروٹیکشن بیوروز اور شیلٹر ہومز میں مقیم افراد اپنے
گھروں تک پہنچ پائے۔ سیف سٹی ٹیم نے صوبہ بھر کے اداروں کا
دورہ کر کے گمشدہ افراد کے انٹرویوز اور ویڈیوز تیار کیں اور انہیں
سوشل میڈیا پر مخصوص علاقوں میں جاری کیا۔ اہلخانہ نے اپنے
پیاروں کو پہچان کر رابطہ کیا، جس کے بعد شناخت اور قانونی
کارروائی مکمل ہونے پر انہیں والدین اور سرپرستوں کے حوالے کر دیا گیا۔
اب تک 1,400 سے زائد لاوارث اور گمشدہ افراد کا مکمل ریکارڈ “میرا
پیارا” سسٹم میں شامل کیا جا چکا ہے۔ یہ نظام فیشل ریکاگنیشن اور
ڈیٹا میچنگ جیسی جدید سہولیات فراہم کرتا ہے، جن کی مدد سے
گمشدہ افراد کی شناخت تیزی سے ممکن ہو رہی ہے۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق، “میرا پیارا ٹیم” دن
رات کوشش کر رہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ گمشدہ اور لاوارث بچوں
کو والدین اور سرپرستوں کے سپرد کیا جا سکے۔ شہریوں سے اپیل
کی گئی ہے کہ اگر کوئی گمشدہ یا لاوارث بچہ یا شخص ملے تو فوری
طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے نمبر 3 ڈائل کریں۔
