سدرہ شہزاد
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی – لاہور بیورو
لاہور: فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور زون کی کامیاب پیروی کے بعد مراکش کشتی حادثہ 2025 میں ملوث بدنام زمانہ انسانی اسمگلر ہاشم رضا کی بعد از گرفتاری ضمانت لاہور ہائیکورٹ سے خارج کر دی گئی۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق، ملزم ہاشم رضا سال 2023 سے مراکش کے سمندری راستے سے یورپ بھجوانے کے لیے لینڈ روٹ ایجنٹ کے طور پر کام کر رہا تھا۔
واقعے کی تفصیلات:
ملزم نے ایک شہری کو اسپین ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 40 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔
بعد ازاں، شہری کو اسپین کے بجائے وزٹ ویزا پر موریطانیہ بھجوایا گیا۔
موریطانیہ میں ملزم کے ساتھی علی حسن اور مولوی عثمان نے متاثرہ شہری کو غیر قانونی کشتی کے ذریعے اسپین بھجوانے کی کوشش کی۔
مراکش کی سمندری حدود میں کشتی حادثہ پیش آیا جس میں متاثرہ شہری جاں بحق ہو گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق، ملزم اور اس کے ساتھی درجنوں پاکستانیوں کو یورپ بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے بٹور چکے ہیں، جن میں سے کئی بدقسمتی سے کشتی حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اگرچہ لواحقین کی طرف سے راضی نامہ عدالت میں پیش کیا گیا، تاہم ایف آئی اے ٹیم نے بھرپور قانونی دفاع کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ کے جرم کو بے نقاب کیا، جس کے نتیجے میں عدالت نے ملزم کی ضمانت مسترد کر دی۔
