شمائلہ اسلم
بیورو چیف پاکستان
ایس این این اردو
پنجاب وائلڈ لائف نے لوہی بھیر پارک سے شیر کے فرار کی خبروں کی تردید کردی
پنجاب وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پر چلنے والی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ لوہی بھیر وائلڈ لائف پارک سے ایک شیر فرار ہوگیا ہے۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر یہ خبریں تیزی سے وائرل ہوئیں کہ پارک میں موجود شیر قید سے نکل کر آبادی کی طرف بڑھ گیا ہے۔ اس اطلاع کے بعد قریبی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی رہائشیوں میں ہلچل مچ گئی۔
ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے وضاحت کی کہ پارک میں موجود تمام جنگلی جانور، خصوصاً شیر، اپنی جگہ پر محفوظ ہیں اور ان کے پنجروں یا باڑوں سے باہر آنے کی کوئی گنجائش ہی نہیں۔
وائلڈ لائف حکام نے خبردار کیا ہے کہ جان بوجھ کر جھوٹی اور گمراہ کن معلومات پھیلانے والوں کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی تاکہ عوام میں بلاوجہ خوف و ہراس نہ پھیلے۔