شمائلہ اسلم
ایس این این نیوز اردو
بیورو چیف پاکستان
لاہور: لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں “16 روزہ مہم برائے خاتمہِ صنفی تشدد” کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب اور
پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع “ڈیجیٹل اور آن لائن تشدد” تھا۔ تقریب کا انعقاد یونائٹڈ نیشنز پاپولیشن فنڈ
پاکستان، ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن اور جینڈر اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا گیا۔
تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی جہاں ترقی کے نئے مواقع فراہم کرتی ہے، وہیں خواتین اور لڑکیوں کے لیے نئے خطرات بھی پیدا کرتی
ہے۔ آن لائن ہراسمنٹ، بلیک میلنگ، امیج بیسڈ ابیوز اور جعلی پروفائلز جیسے جرائم تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور ان کا فوری مؤثر حل ضروری ہے۔
حنا پرویز بٹ نے بتایا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اور نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے تعاون
سے متاثرہ خواتین کو قانونی اور نفسیاتی مدد فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے طالبات کو آن لائن سیفٹی کے بارے میں آگاہ رہنے کی
ہدایت کی اور بتایا کہ کسی بھی شکایت کے لیے “1737” ہیلپ لائن، آن لائن پورٹل، ای میل اور FIA سائبر کرائم ریپورٹنگ سینٹرز
دستیاب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل تحفظ خواتین کا بنیادی حق ہے اور اس کے لیے ریاست اور اداروں کی ذمہ داری یکساں ہے۔
تقریب کے دوسرے حصے میں ورکشاپ “Beyond the Screen: Navigating the Online Space for Women and Girls” کا
انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں طالبات نے امیج بیسڈ ابیوز، آن لائن ہراسمنٹ، ہیٹ اسپیچ، اسٹاکنگ اور کیٹ فشنگ جیسے\
موضوعات پر گروہی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور سفارشات پیش کیں۔
اختتامی سیشن میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا حقیقی زندگی کا حصہ ہے، اور اس میں ہونے والا نقصان بھی حقیقی
اثرات رکھتا ہے۔ آن لائن تشدد کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے، تعلیمی ادارے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سماج سب کو
مشترکہ ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جدوجہد آج ختم نہیں ہوتی بلکہ مزید تیز ہو رہی ہے، اور پنجاب
ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اس مہم کی قیادت جاری رکھے گی۔
آخر میں، حنا پرویز بٹ نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، یونائٹڈ نیشنز پاپولیشن فنڈ پاکستان، ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن اور
تمام معزز مقررین کے کردار کو سراہا اور تقریب کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔
