سدرہ شہزادا
Thank you for reading this post, don't forget to subscribe!سکینڈی نیوین نیوز ایجنسی،
لاہور بیورو
لاہور: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے میڈیکل کتابوں کے صفحات میں آئس چھپا کر بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق لاہور کے مال روڈ پر واقع ایک کوریئر آفس میں کارروائی کے دوران آسٹریلیا بھیجے جانے والے ایک پارسل کو مشکوک قرار دے کر چیک کیا گیا۔ تلاشی کے دوران انکشاف ہوا کہ پارسل میں موجود کتابوں کے اوراق میں 13 کلوگرام آئس جذب کی گئی تھی۔
منشیات کی موجودگی کی تصدیق اے این ایف کے عملے نے ٹیسٹنگ ڈیوائس کے ذریعے کی۔ یہ پارسل پشاور کے رہائشی فضل رحمان کے نام سے بک کروایا گیا تھا۔
اے این ایف حکام نے پارسل کو قبضے میں لے کر منشیات علیحدہ کرنے کے لیے لیبارٹری بھیج دیا ہے، جبکہ ملوث ملزم کی گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات اور کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق منشیات کے اسمگلرز کا کوریئر کمپنیوں کو استعمال کرنا تشویشناک رجحان ہے، جس کے تدارک کے لیے کمپنیوں کے تعاون سے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔