اسکینڈے نیوین نیوز اردو

لاہور ایئرپورٹ پر نائجیرین شہری سے کوکین برآمد

سدرہ شہزاد

Thank you for reading this post, don't forget to subscribe!


اسکینڈی نیوین نیوز ایجنسی،

لاہور بیورو

لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران بحرین سے لاہور آنے والے نائجیرین مسافر کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ملزم کے پیٹ سے 38 کیپسول برآمد ہوئے جن میں 646 گرام کوکین چھپائی گئی تھی۔ مسافر کو لاہور پہنچتے ہی حراست میں لیا گیا اور طبی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم بزنس ویزا پر غیر ملکی پرواز کے ذریعے لاہور آیا تھا۔ اس کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ بیرونِ ملک سے منشیات اسمگلنگ کے بڑھتے واقعات معاشرے کے لیے سنگین خطرہ ہیں، جبکہ غیر ملکی شہریوں بالخصوص نائجیرین اور افغان باشندوں کی اس قسم کے کیسز میں گرفتاری تشویشناک امر ہے۔

اے این ایف کے مطابق وزارتِ خارجہ کے ذریعے متعلقہ ممالک کے ساتھ منشیات کے انسداد اور اس نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔