رپورٹ: حماد کاہلوں
ایس این این نیوز اردو
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیالکوٹ میں نئی
انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔ یہ جدید
صنعتی زون سیالکوٹ ایئرپورٹ کے قریب 400 ایکڑ رقبے پر تعمیر
کیا جائے گا، جس کا مقصد برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے
مواقع پیدا کرنا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں قائم چار انڈسٹریل
اسٹیٹس کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پیش کرنے کا اصولی فیصلہ
کیا گیا ہے۔
مزید یہ کہ چونیاں انڈسٹریل اسٹیٹ محکمہ فشریز کے حوالے کی
جائے گی، جبکہ بھلوال، وہاڑی اور بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹس کو
سعودی سرمایہ کاروں کے لیے پیش کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیڈمک (FIEDMC) اور پیڈمک
(PIEDMC) میں بے ضابطگیوں اور مالی گھپلوں کا سخت نوٹس
لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فیڈمک، پیڈمک اور دیگر انڈسٹریل اسٹیٹس
سے متعلق پالیسی کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے تاکہ شفاف اور مؤثر
نظام یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں انڈسٹریل اسٹیٹس کے رولز اینڈ ریگولیشنز میں ترامیم
کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا، تاکہ سرمایہ کاروں کو زیادہ سے
زیادہ سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
فیڈمک اور پیڈمک کی آڈٹ رپورٹ اجلاس میں پیش کی گئی، جس
میں متعدد بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابقہ
ادوار کی غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی، پنجاب کے صنعتی شعبے کو
بین الاقوامی معیار کے مطابق استوار کیا جائے گا۔