حماد کاہلوں
Thank you for reading this post, don't forget to subscribe!
اسکینڈی نیوین نیوز ایجنسی
فن لینڈ
سرگودھا: سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں قائم ریلیف کیمپس خود بھی پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن چھٹے روز میں داخل ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دریائے چناب کے کنارے آنے والے سیلاب سے ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق اب تک آٹھ ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، تاہم بیشتر لوگ اپنے ڈوبے ہوئے گھروں میں مویشیوں سمیت مقیم ہیں اور سانپ و کیڑوں کے کاٹنے کے خطرات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد وسیم اور ان کی ٹیم متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے ریلیف کیمپوں اور گھروں میں ناشتہ تقسیم کیا جبکہ انتظامیہ کے مطابق کھانا، صاف پانی، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ہیلتھ سی ای او ڈاکٹر سارہ صفدر کی سربراہی میں 1,000 ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف تین شفٹوں میں کام کر رہے ہیں، جن میں دو فیلڈ ہسپتال، 28 موبائل کلینکس اور نو کیمپس شامل ہیں۔ لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ نے بھی ویٹرنری کیمپ اور ڈاکٹروں کی ٹیمیں تعینات کر دی ہیں اور اب تک 12,475 مویشیوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ندیم افضل چن اور ضلعی صدر ملک حامد نواز اعوان نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ انتظامیہ صرف تصویریں بنوانے آتی ہے اور عملی کام نہیں ہو رہا، لوگ بے یار و مددگار ہیں اور اپنی فصلوں اور گھروں کی تباہی پر حکومت سے فوری مدد کے منتظر ہیں۔
