شمائلہ اسلم
پاکستان بیورو چیف
ایس این این نیوز اردو
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ کے ایک نئے طریقہ واردات کو بے نقاب کرتے ہوئے ملزم ملک وقاص کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق انسانی اسمگلرز نے 22 افراد کو جعلی فٹ بال ٹیم کے نام پر سیالکوٹ ایئرپورٹ سے جاپان پہنچایا۔ جاپانی حکام نے دستاویزات جعلی ہونے کی تصدیق کے بعد تمام افراد کو ڈی پورٹ کر دیا۔
ملزم نے “گولڈن فٹ بال ٹرائل” کے نام سے فٹ بال کلب کی رجسٹریشن کرائی اور ہر شخص سے فی کس 40 لاکھ روپے وصول کیے۔ اس کے علاوہ، ملزمان کو فٹ بال کھلاڑیوں کی طرح تربیت دی گئی اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ جعلی رجسٹریشن دستاویزات بھی تیار کی گئیں۔
ایف آئی اے کے مطابق، جعلی دستاویزات میں جاپان کے ایک کلب کے ساتھ میچ شیڈول شامل تھے، اور ملزم نے وزارت خارجہ کے کاغذات بھی جعلسازی سے تیار کیے۔ تفتیش کے دوران ملزم نے یہ انکشاف بھی کیا کہ جنوری 2024 میں بھی 17 افراد کو جعلی فٹ بال ٹیم کے روپ میں جاپان بھیجا گیا تھا۔