شاہین اقبال طاہر
تحصیل رپورٹر، شاہ کوٹ،
ایس این این اردو
تحصیل شاہکوٹ کے نواحی علاقے چک 84RB میں لینڈ ریکارڈ سسٹم کے آن لائن نہ ہونے کی وجہ سے عوامی مشکلات میں اضافہ
ہو گیا ہے۔ اہم دیہی یونین کا ریکارڈ تاحال ڈیجیٹل سسٹم میں شامل نہ ہونے کے باعث زمینوں کی خرید و فروخت مکمل طور پر رک گئی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق اس صورتحال کی وجہ سے نہ صرف مقامی معاشی سرگرمیاں منجمد ہو چکی ہیں بلکہ سرکاری خزانے
کو بھی لاکھوں روپے روزانہ کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ متعدد درخواستوں کے باوجود چک 84RB کے آن لائن ہونے کا عمل تعطل کا
شکار ہے، جس کی وجہ سے انتقال، فرد اور ملکیت کی تصدیق نہ ہونے سے خریدار اور فروخت کنندگان اپنی خرید و فروخت
مکمل نہیں کر پا رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لینڈ ریکارڈ کی غیر دستیابی نے نہ صرف پراپرٹی مارکیٹ کو مفلوج کر دیا ہے بلکہ زرعی معاہدوں، لیز اور
دیگر لین دین پر بھی گہرا اثر پڑا ہے۔ دیہاتیوں نے کہا کہ حکومت کی ڈیجیٹلائزیشن مہم اس غیر فعال نظام کے باعث سبوتاژ ہو گئی ہے۔
علاقہ مکینوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، کمشنر لاہور اور ڈی سی ننکانہ صاحب سے فوری نوٹس لینے کا
مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ چک 84RB کا ریکارڈ ہنگامی بنیادوں پر آن لائن کیا جائے تاکہ معطل شدہ کاروباری سرگرمیوں کو
بحال کیا جا سکے اور سرکاری خزانے کو ہونے والے نقصان کا سلسلہ روکا جا سکے۔
