کہوٹہ
(ندیم آزاد)
کوہسار ویلفیئر کمیٹی پنجاڑ و دوبیرن خورد کا 11 واں یومِ تاسیس نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر
تحصیل کہوٹہ کی فعال فلاحی تنظیم کے ہیڈ آفس منڈیالہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی
اور کاروباری شخصیات سمیت بڑی تعداد میں اہلِ علاقہ نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں معروف سیاسی رہنما ڈاکٹر محمد عارف قریشی، مذہبی سکالر حضرت علامہ ادریس ہاشمی،
مولانا حسیب عباسی، نوجوان سماجی کارکن حمزہ طفر دھنیال، عقیل ستی، طارق عباسی اور عاطف ستی سمیت دیگر معزز
شخصیات شامل تھیں۔
مہمانوں نے اپنے خطابات میں تعلیم، صحت اور فلاحی خدمات کے شعبوں میں کوہسار ویلفیئر کمیٹی کی خدمات کو سراہتے
ہوئے کہا کہ ایسی تنظیمیں معاشرے میں مثبت تبدیلی اور عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ مقررین نے
کمیونٹی سروس، بنیادی انسانی حقوق اور سماجی ذمہ داریوں پر بھی روشنی ڈالی۔
تقریب کے اختتام پر یومِ تاسیس کا کیک کاٹا گیا اور مہمانانِ گرامی کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ شرکاء نے کوہسار ویلفیئر
کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے اس کے جذبۂ خدمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
