حماد کاہلوں
SNN نیوز فن لینڈ
لاہور میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے تین بیٹوں کی والدہ نے آئی جی پنجاب اور سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ) کے
سربراہ کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق سی سی ڈی نے تین بیٹوں، ایک داماد اور بھائی کو مبینہ طور پر جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا۔
موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب سے قتل کے مقدمات درج کروانے کی درخواست دی گئی ہے، پولیس کی جانب سے دباؤ، ہراساں
کرنے اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگر مقدمات کی درخواست واپس نہ لی گئی تو مزید جعلی مقابلوں کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق پولیس حکام یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے مبینہ طور پر
خوف و ہراس پھیلانے کی ہدایات حاصل ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے منسوب ان مبینہ ہدایات کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران
کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
