خالد چوغطہ
ایس این نیوز اردو
ننکانہ صاحب: بابا گورونانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی
تقریبات کے سلسلے میں ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب نے جامع
ایمرجنسی کور پلان جاری کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی
آفیسر محمد اکرم پنوار کی زیر صدارت ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں
منعقدہ اجلاس میں تمام ریسکیو افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ریسکیو 1122 کی جانب سے کیے گئے انتظامات کا
تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ ڈیوٹی پلان مرتب کرتے ہوئے تمام
افسران اور عملے کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔
محمد اکرم پنوار کے مطابق، تقریبات کے دوران 250 ریسکیورز
اور افسران تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ 15 ایمبولینسز، 5 فائر
وہیکلز اور 35 موٹر بائیک ریسکیو سروسز گوردوارہ جنم
استھان سمیت مختلف مقامات پر موجود رہیں گی۔
اس کے علاوہ دیگر اضلاع سے بھی 10 ایمبولینسز اور 2 فائر
وہیکلز بمعہ عملہ کو معاونت کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ کسی بھی
ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اہم مقامات پر ریسکیو
موبائل ٹیمیں، فائر سیفٹی پوسٹس، واٹر ریسکیو اور ریپڈ
ریسپانس ٹیمیں ہائی الرٹ پر رہیں گی۔
محمد اکرم پنوار نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی خدمت
ریسکیورز کی اولین ترجیح ہے۔ بین الاقوامی نوعیت کے اس
میگا ایونٹ میں تمام اہلکار اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز
میں ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکھ یاتریوں سے خوش
اخلاقی سے پیش آئیں تاکہ وہ مثبت تاثر کے ساتھ وطن واپس جائیں۔
