سدرہ شہزاد
اسکینڈی نیوین نیوز ایجنسی،
لاہور بیورو چیف
ایف آئی اے لاہور کی بڑی کارروائی، حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک بے نقاب
لاہور: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور زون نے ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔
ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے شاہ عالم مارکیٹ میں چھاپہ مار کر حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم زبیر سلیم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 1 کروڑ 3 لاکھ روپے نقدی، موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم ریکارڈ برآمد کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ ابتدائی تفتیش میں غیر قانونی لین دین اور بیرون ملک رقم منتقلی کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والے تمام حوالہ ہنڈی نیٹ ورکس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور مزید گرفتاریاں جلد متوقع ہیں۔
