زویا امجد
سکینڈی نیویں نیوز ایجنسی
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف
قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور اقوام متحدہ میں
اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے کی تجویز کی بھرپور حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور
انسانیت کے خلاف جنگی جرائم پر اسے عالمی عدالت میں کٹہرے میں لانا ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ “غزہ میں انسانیت سسک رہی ہے، اگر ہم نے
اجتماعی دانش کے تحت مؤثر اقدامات نہ کیے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔”
پیر کے روز ہنگامی عرب اسلامی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے
شہباز شریف نے کہا کہ ہم ایک افسوسناک واقعہ کے بعد جمع ہوئے
ہیں، اسرائیل نے برادر ملک قطر کی خودمختاری اور سلامتی کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا
ہے۔ اسرائیل کا قطر پر حملہ اس کی جارحانہ پالیسیوں کا تسلسل ہے،
جس نے خطے میں امن کی تمام کوششوں کو شدید نقصان پہنچایا
ہے۔ شہباز شریف نے سوال اٹھایا کہ اگر اسرائیل نے جارحیت جاری
رکھنی تھی تو پھر مذاکرات کا ڈھونگ کیوں رچایا گیا؟
وزیر اعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی انسانی
حقوق کی خلاف ورزیوں اور جارحیت کے خلاف متحد ہو کر مؤثر
اقدامات کرے تاکہ نہ صرف قطر بلکہ فلسطین اور خطے کے دیگر
ممالک کو انصاف اور امن فراہم کیا جا سکے۔
