اسکینڈے نیوین نیوز اردو

ایف آئی اے لاہور اور بینکوں کا مالی جرائم کے خلاف تعاون
ایف آئی اے لاہور میں بینکوں کے کمپلائنس سربراہان کا اجلاس

سدرہ شہزاد

Thank you for reading this post, don't forget to subscribe!

اسکینڈی نیوین نیوز

ایجنسی، لاہور بیورو

لاہور: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور زون نے مالیاتی جرائم اور بینکنگ فراڈز کی روک تھام کے لیے قومی و نجی بینکوں کے ساتھ ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف آئی اے لاہور کے ڈائریکٹر کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء کی زیر صدارت اجلاس میں بڑے قومی و کمرشل بینکوں کے کمپلائنس ڈویژن کے سربراہان شریک ہوئے۔ اجلاس میں مالیاتی جرائم کی روک تھام، ریگولیٹری کمپلائنس، مشکوک ٹرانزیکشنز کی بروقت رپورٹنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

بینکنگ نمائندگان نے اجلاس میں اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کرتے ہوئے ایف آئی اے سے مزید مؤثر کوآرڈینیشن پر زور دیا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ معلومات کے تیز اور شفاف تبادلے کے لیے جدید میکنزم بنایا جائے گا جبکہ بینکنگ سیکٹر اور ایف آئی اے کے افسران کے لیے مشترکہ ٹریننگ سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور نے کہا کہ بینکنگ فراڈ اور مالی بے ضابطگیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کو عدالتوں کے ذریعے منطقی انجام تک پہنچانا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے اور بینکنگ شعبہ مشترکہ اقدامات کے ذریعے مالیاتی جرائم کے خلاف مضبوط حکمت عملی اپنائیں گے۔

مزید بتایا گیا کہ آئندہ سہ ماہی بنیادوں پر جائزہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے تاکہ پیش رفت کا تجزیہ کیا جا سکے اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ شراکت داری مستقبل میں مالیاتی نظم و ضبط کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔