شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف پاکستان
کلاوڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک بند، جیپس بھی پھنس گئیں
بالا کوٹ، 27 جولائی — خیبر پختونخوا کے معروف سیاحتی مقام جھیل سیف الملوک میں شدید بارش اور اچانک کلاوڈ برسٹ کے بعد ہفتہ کے روز 500 سے زائد سیاحوں کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا گیا۔ یہ واقعہ بالائی علاقے کنڈورے کے مقام پر پیش آیا جہاں ندی نالوں میں سیلابی ریلے کی وجہ سے جھیل تک جانے والی سڑک بند ہو گئی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، علی امین گنڈاپور کی فوری ہدایت پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جس کے نتیجے میں پھنسے ہوئے تمام سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ سیاحت کے صوبائی محکمے کے مطابق، بارش کے باعث سڑک پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی، جس میں 117 سے زائد جیپس پھنس گئیں۔
رپورٹس کے مطابق، ملک کے مختلف شہروں سے آئے سیاح جھیل سیف الملوک کے حسن سے لطف اندوز ہونے پہنچے تھے، تاہم اچانک موسم کی شدت نے ان کے سفر کو خطرے میں ڈال دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جھیل تک رسائی کی سڑک کو جلد بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
