شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف پاکستان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں تعلیم کے فروغ کے
لیے تین منفرد تعلیمی منصوبوں کا اعلان کیا ہے: ’’اسکول آن وہیلز‘‘،
’’لائبریری آن وہیلز‘‘ اور ’’موبائل لائبریری‘‘۔ ان منصوبوں کا مقصد دور
دراز اور پسماندہ علاقوں میں بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
تعلیمی اصلاحات پر ہونے والی ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے
ہوئے مریم نواز نے کہا، ’’اگر تم پڑھو گے تو تم بڑھو گے۔‘‘ انہوں نے ان
موبائل تعلیمی منصوبوں کو سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت عملی جامہ
پہنانے کی منظوری دے دی۔
’اسکول آن وہیلز‘ منصوبے کے تحت سولر پینل سے لیس الیکٹرک
رکشوں میں کلاس رومز ترتیب دیے جائیں گے، جہاں بچوں کو کھلی فضا میں
چھتری نما شیڈ کے نیچے پڑھایا جائے گا۔ ان میں فولڈنگ کرسیاں، تعلیمی
کھلونے، پینٹنگ کٹس اور کتابیں موجود ہوں گی۔
’لائبریری آن وہیلز‘ کے تحت کارٹون تھیم والی منی وینز میں نصابی و غیر
نصابی کتب لے کر پارکوں اور میدانوں میں بچوں تک پہنچا جائے گا، تاکہ
مطالعے کا شوق پیدا کیا جا سکے۔
جبکہ جدید بسوں پر مشتمل ’موبائل لائبریری‘ میں اردو، انگریزی اور سائنس
کی کتابوں کے ساتھ ساتھ میزیں اور نشستیں فراہم کی جائیں گی، جو نوجوان
قارئین کے لیے ایک تعلیمی مرکز ثابت ہو گی۔
مریم نواز نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد تعلیم کو ہر گھر کی دہلیز تک پہنچانا ہے
تاکہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔
