شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف پاکستان
اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے سول سروس میں اصلاحات
اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سول سروس حکومتی پالیسیوں کے مؤثر نفاذ اور کارکردگی
کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
سول سروس اصلاحات پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے
اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور پبلک سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنانے
کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کے طریقہ کار
سے ہٹ کر، جدید تقاضوں اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ نظام کی طرف پیش رفت ضروری ہے۔
دوسری جانب الیکٹرک گاڑیوں (EV) سے متعلق اجلاس میں خطاب کرتے
ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ نہ صرف ایندھن کی
درآمد پر قیمتی زرمبادلہ کی بچت کا ذریعہ بنے گا بلکہ یہ ماحولیاتی تحفظ اور ملکی
صنعت کی ترقی میں بھی مددگار ہوگا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت طلبہ اور عام شہریوں کے لیے آسان اقساط پر
ایک لاکھ سے زائد الیکٹرک بائیکس اور تین لاکھ سے زائد الیکٹرک لوڈرز
فراہم کرے گی۔ ان اقدامات کا مقصد الیکٹرک گاڑیوں کو عوامی سطح پر
عام بنانا اور مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملک میں چار نئی بیٹری مینوفیکچرنگ کمپنیاں اپنے
آپریشنز کا آغاز کر رہی ہیں جو اس شعبے کو مزید مستحکم کریں گی۔
