شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف، پاکستان
پاکستان: ایک کسان جس نے تنِ تنہا بند بنا کر گاؤں کی قسمت بدل دی
صوبہ پنجاب کے خشک سالی سے متاثرہ گاؤں بکھری کلاں میں، ایک مقامی کسان نے وہ کام کر دکھایا جس کی توقع کسی کو نہ تھی—اس نے اپنے وسائل سے بند تعمیر کیا، جو آج پورے علاقے کو مفت اور مسلسل پانی فراہم کر رہا ہے۔
چوہدری محمد عرفان نے بارش کے انتظار کی بجائے مسئلے کا عملی حل تلاش کیا۔
“یہ منصوبہ مکمل طور پر ہمارا ذاتی اقدام ہے۔ نہ حکومت نے مدد کی، نہ گاؤں والوں نے۔ ہم خود ہی اس کی دیکھ بھال کرتے ہیں، خود ہی خرچ اٹھاتے ہیں، اور سب کو سال بھر پانی فراہم کرتے ہیں،” عرفان نے بتایا۔
اس پہاڑی علاقے میں جہاں کھیت بارش کے رحم و کرم پر تھے، وہاں آج پانی کی دستیابی نے کھیتی باڑی اور زندگی کو نئی روح دی ہے۔
ماہرین کے مطابق، پنجاب میں ہر سال 51 ملین ایکڑ فٹ سے زائد زیر زمین پانی نکالا جاتا ہے، جس سے پانی کی سطح مسلسل نیچے جا رہی ہے۔ کئی علاقوں میں یہ سطح 2.6 فٹ تک گر چکی ہے۔ ایسے میں یہ خود ساختہ بند نہ صرف بارانی پانی کو محفوظ کرتا ہے بلکہ زیر زمین پانی کی سطح کو بحال کرنے میں بھی مددگار ہے۔
مقامی کسانوں کے مطابق، اس بند نے زمین کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، مویشیوں کے لیے سال بھر چراگاہ میسر کی ہے، اور چھوٹے پیمانے پر مچھلی فارمنگ کا آغاز بھی ممکن بنایا ہے۔
چوہدری عرفان کی یہ کاوش ایک مثال ہے کہ عزم، خود انحصاری اور جذبہ خدمت سے کیسے ایک فرد پورے علاقے کی تقدیر بدل سکتا ہے—بغیر کسی سرکاری امداد کے۔
