شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف، پاکستان
ایران میں فرانسیسی سائیکلسٹ کی گرفتاری کی تصدیق: عباس عراقچی
ایران نے سرکاری طور پر تصدیق کی ہے کہ ایک دوہری شہریت رکھنے والا
جرمن-فرانسیسی سائیکلسٹ شہری اس وقت ایرانی تحویل میں ہے۔
یہ شخص یورپ سے ایشیا تک سائیکل کے سفر پر تھا اور 16 جون کو ایران
میں لاپتہ ہو گیا تھا، جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی شدید تھی۔
مذکورہ سائیکلسٹ اسرائیلی بمباری کے باوجود ایران میں داخل ہوا اور اسی
وقت سے غائب تھا، جس پر شک ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ جان بوجھ کر واپس
جانے سے بچنا چاہتا تھا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فرانسیسی اخبار لی مونڈے سے گفتگو
کرتے ہوئے اس گرفتاری کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایا کہ فرانس کو پہلے ہی مطلع کر دیا گیا تھا کہ لینارٹ مونٹرلاس
نامی شہری ایران میں لاپتہ ہو چکا ہے۔
عراقچی کے مطابق، اس فرد نے ایران کے قوانین کی خلاف ورزی کی اور
ایسے اقدامات کیے جو ایران کے لیے جارحانہ سمجھے گئے۔
فرانس کی وزارت خارجہ نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ غیر ملکیوں کو
جان بوجھ کر حراست میں لیتا ہے تاکہ انہیں “سودے بازی کے آلے” کے
طور پر استعمال کیا جا سکے۔
وزارت خارجہ کے مطابق، لینارٹ مونٹرلاس کی حالت کے بارے میں
انہیں پہلے ہی تشویش لاحق تھی۔
فرانس اور کئی یورپی ممالک نے اپنے شہریوں کو ایران کے سفر سے باز رہنے
کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔
فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر ایرانی حکام کے
ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور زیر حراست شہری کے اہل خانہ سے بھی
رابطہ قائم رکھا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ ایران میں اس وقت دو فرانسیسی شہری، جن کی عمریں 40 اور 72
سال ہیں، گزشتہ تین سال سے قید میں ہیں۔
ان دونوں کو 7 مئی 2022 کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ایرانی حراست میں موجود غیر ملکیوں کی تعداد اب 20 تک جا پہنچی ہے، جن میں اکثریت یورپی شہریوں کی ہے۔
