شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف پاکستان
کوہستان میں گلیشیر کے پگھلنے سے 28 سال بعد لاش برآمد:
مانسہرہ: کولائی پالاس (کوہستان) کے پہاڑی علاقے سپاٹ وادی میں تقریباً تین دہائی قبل لاپتہ ہونے والے شخص کی لاش غیرمعمولی گرم موسم کی وجہ سے تیزی سے پگھلنے والے گلیشیر سے برآمد ہوگئی۔
ضلعی پولیس افسر امجد حسین نے پیر کو بتایا، “28 سال قبل گلیشیر میں دب جانے والے شخص کی لاش مقامی لوگوں کو مل گئی ہے جو حالیہ دنوں میں شدید گرمی کی وجہ سے پگھل گیا۔”
مقامی افراد کے مطابق، مرحوم نصیرالدین کو اس کے گھوڑا سمیت گلیشیر نے دبا لیا تھا جب وہ بٹگرام کے علاقے الائی سے واپس آرہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شخص مویشیوں کے کاروبار سے وابستہ تھا۔ اس کی لاش بالکل صحیح سلامت اور پہچانے جانے کے قابل تھی، جبکہ اس کے کپڑوں سے اس کا قومی شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا۔
