جہلم (مخدوم حسین چوہدری )
کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم کا تفصیلی
دورہ کیا، جس میں انہوں نے ترقیاتی منصوبوں اور ضلعی انتظامیہ
کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
دورے کا آغاز تحصیل پنڈ دادن خان میں للہ جہلم ڈوئل کیرج روڈ کے
معائنے سے ہوا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ منصوبہ حکومت پنجاب کی
مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ بعد ازاں انہوں
نے ٹی سی آفس جہلم میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی
جس میں ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور
دیگر محکموں کے سربراہان شریک ہوئے۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ عوامی خدمت اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے
کے لیے ضلعی انتظامیہ فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے
وزیراعلیٰ پنجاب کی مہم “ستھرا پنجاب” پر زور دیتے ہوئے صفائی
ستھرائی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے اور روزانہ کی بنیاد
پر مانیٹرنگ یقینی بنانے کا کہا۔
انہوں نے تجاوزات کے خاتمے، شہریوں کی آسان نقل و حرکت، شجر
کاری اور شہر کی خوبصورتی بڑھانے کی ہدایات بھی دیں۔ عوامی
ریلیف کے لیے تمام سرکاری دفاتر میں بڑے سائز کے پینافلکس آویزاں
کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ شہری مطلوبہ خدمات کے لیے درکار
کاغذات اور فیس سے آگاہ رہیں۔
کمشنر نے شکایات کے شفاف ازالے کے لیے ایک مؤثر میکینزم بنانے اور
اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل
کرنے پر زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے یقین دہانی کرائی کہ کمشنر کی
ہدایات پر مکمل عمل درآمد ہوگا اور ضلع جہلم کی کارکردگی کو
وزیر اعلیٰ پنجاب کے گڈ گورننس انڈیکیٹرز کے مطابق مزید بہتر بنایا جائے گا۔
