شمائلہ اسلم
بیورو چیف پاکستان
ایس این این نیوز اردو
لاہور حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں غیر قانونی اسلحہ کے
خاتمے کے لیے جامع کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ
پنجاب نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، سی سی پی او لاہور،
ڈی پی اوز اور سی پی اوز کو تین روز میں ضبط شدہ اسلحے
کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق، رپورٹ میں ہر ضبط شدہ
ہتھیار کی مکمل تفصیلات بشمول ماڈل، سیریل نمبر، ایف آئی
آر نمبر، ملزمان کے نام اور کسٹڈی کی صورتحال فراہم کرنا
لازمی قرار دیا گیا ہے۔ یہ ڈیٹا محکمہ داخلہ کے ساتھ ساتھ
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو بھی ارسال کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ حکومت پنجاب غیر قانونی اسلحے کے خاتمے
کے لیے ڈیٹا بیس پر مبنی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے، تاکہ
صوبے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنائی جا سکے۔
ان کے مطابق ناجائز اسلحہ جرائم میں اضافے اور عوامی تحفظ
کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، اس لیے اس معاملے پر زیرو ٹالرینس
پالیسی اختیار کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں تمام انفرادی و ادارہ جاتی
اسلحہ لائسنسز اور ڈیلرشپس کی مکمل جانچ پڑتال مکمل کر
لی گئی ہے۔ اسلحہ لائسنس کے اجرا، تجدید اور تصدیق کا عمل
نادرا کے تعاون سے مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ کر دیا گیا ہے تاکہ
شفافیت اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
