شمائلہ اسلم
ایس این این نیوز اردو
بیورو چیف پاکستان**
محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایت پر سول ڈیفنس ریزیلئنس کور کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ
مسلسل جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز
میں جاری سول ڈیفنس رضاکاروں کے دسویں تربیتی بیچ کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ڈیفنس پلاننگ عائشہ
ممتاز اور ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب تسنیم علی خان بھی موجود تھیں۔
ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب رضاکاروں کو بیسک لائف سپورٹ اور ایمرجنسی رسپانس کی بنیادی
تربیت فراہم کر رہا ہے تاکہ قدرتی آفات، حادثات یا ہنگامی صورتحال میں انسانی جانیں بچانے میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد شہری سول ڈیفنس ریزیلئنس کور کا حصہ بننے کے لیے رجسٹریشن کروا چکے
ہیں۔ ان میں 165,000 مرد اور 85,000 خواتین رضاکار شامل ہیں، جو سول ڈیفنس کے شعبے میں خواتین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا واضح اشارہ ہے۔
رجسٹریشن میں سب سے زیادہ کارکردگی دکھانے والے اضلاع میں گوجرانوالہ پہلے، فیصل آباد دوسرے اور لاہور تیسرے نمبر پر ہے۔
سیکرٹری داخلہ کے مطابق سول ڈیفنس فورس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کے لیے 50 کروڑ روپے مالیت کے جدید آلات
خریدے گئے ہیں، جس سے رضاکار جنگی حالات، سیلاب، سموگ یا کسی بھی ایمرجنسی صورتِ حال میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق سول ڈیفنس کا حصہ بننے کے لیے VCD.HOME.GOP.PK پر آن لائن
رجسٹریشن کریں اور پنجاب کو محفوظ اور مستحکم بنانے کے مشن میں کردار ادا کریں۔
