شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف پاکستان
وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات گہرے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی اقدار پر مبنی ہیں اور وقت کے ساتھ یہ رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کو مسلم دنیا کا بصیرت افروز اور دلیر رہنما قرار دیا جنہوں نے ہمیشہ امت مسلمہ کے مسائل پر دوٹوک مؤقف اختیار کیا۔
یہ بات انہوں نے معروف ترک دانشور ڈاکٹر فرقان حمید کی تصنیف کردہ کتاب “رجب طیب ایردوان: ٹائیگر آف اسلامک ورلڈ” کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر تارڑ نے صدر ایردوان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے استنبول کے میئر کی حیثیت سے اصلاحات کے آغاز سے لے کر اے کے پارٹی کے سربراہ اور ترک صدر کی حیثیت سے مسلم دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایردوان کی قیادت میں ترکی نے نہ صرف اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھولی ہیں بلکہ عالمی سطح پر مظلوم مسلمانوں کی آواز بھی بلند کی ہے، جس پر پوری مسلم دنیا کو ان پر فخر ہے۔
تقریب میں دانشوروں، سفارتکاروں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
