عابدہ کاہلوں
ایس این این نیوز اردو
سابق وزیر اعظم نواز شریف طبی معائنہ کے لیے لندن روانہ ہو گئے
ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کا یہ دورہ لندن ذاتی اور
طبی نوعیت کا ہے، جہاں وہ اپنے قیام کے دوران مختلف ماہر
ڈاکٹروں سے ملاقات کریں گے اور مکمل میڈیکل چیک اپ کروائیں گے۔
واضح رہے کہ نواز شریف ماضی میں بھی علاج معالجے اور طبی سہولیات کے لیے لندن جاتے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس بار بھی ان کے مختلف ٹیسٹ اور رپورٹس تیار کی جائیں گی، تاکہ مستقبل میں ان کی صحت کے حوالے سے مکمل منصوبہ بندی کی جا سکے۔
پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی صحت ان کی ذاتی اور سیاسی سرگرمیوں کے لیے نہایت اہم ہے، اسی وجہ سے انہیں ماہرینِ صحت کے مشورے کے تحت لندن جانا پڑا۔
قریبی ذرائع کے مطابق نواز شریف کے دورہ لندن کے دوران سیاسی ملاقاتوں کا امکان بھی موجود ہے، تاہم باضابطہ طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔
نواز شریف کے قریبی حلقوں نے عوام اور پارٹی کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی صحت یابی کے لیے دعا کریں تاکہ وہ پاکستان آ کر سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں۔
