سدرہ شہزاد
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی،
لاہور بیورو
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی مظفر آباد میں شہید میجر رب نواز کے گھر آمد، اہل خانہ سے ملاقات
مظفر آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے آج مظفر آباد میں شہید میجر رب نواز کی رہائش گاہ پر جا کر اُن کے والد، بھائی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وزیرِ داخلہ نے شہید کی عظیم قربانی پر دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
محسن نقوی نے میجر رب نواز کی بہادری، شجاعت، اور ملک کے لیے دی گئی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے شہید کے والد اور بھائی کے بلند حوصلے اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا:
“جس قوم کے پاس آپ جیسے بلند حوصلہ والد ہوں، اُسے دشمن کبھی شکست نہیں دے سکتا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ میجر رب نواز قوم کے ہیرو ہیں اور ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء نے اپنے قیمتی لہو سے اس ملک میں امن کی آبیاری کی ہے، اور پوری قوم ان کی عظیم قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔
واضح رہے کہ میجر رب نواز نے چند روز قبل بلوچستان کے علاقے آواران میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
