شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف پاکستان
لیاری میں حالیہ عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے شہر بھر میں 590 عمارتوں کو “خطرناک” قرار دے دیا ہے، جس سے عوامی تحفظ اور پرانی عمارتوں کی حالت پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
یہ انکشاف ایس بی سی اے کی جانب سے تیار کی گئی 20 صفحات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ میں کیا گیا، جسے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی اور چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ کو پیش کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں شہر کے مختلف اضلاع میں واقع خطرناک عمارتوں کی فہرست دی گئی ہے، جن میں کچھ عمارتیں پہلے ہی خالی کرائی جا چکی ہیں جبکہ دیگر اب بھی آبادی سے بھری ہوئی ہیں، جو رہائشیوں کی زندگی کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ پر فوری عملدرآمد نہ کیا گیا تو مزید سانحات رونما ہو سکتے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خطرناک قرار دی گئی عمارتوں میں رہائش ترک کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
