شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف پاکستان
پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ “آپریشن بنیان مرصوص” میں بیرونی حمایت کے الزامات حقیقت کے برخلاف ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے
بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دیگر ممالک کو دو ملکوں کے درمیان خالصتاً فوجی تنازع میں گھسیٹنا ایک ناکام سیاسی حکمت عملی اور کمزور پالیسی کی علامت ہے۔
بھارت آپریشن “سائندھو” میں اپنے مقرر کردہ مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ بھارت خطے میں خود کو “سیکورٹی فراہم کرنے والا” ملک ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ خطے کے کئی ممالک
بھارت کی سخت گیر پالیسیوں اور انتہاپسند ہندوتوا نظریات سے نالاں ہیں۔
آئی ایس پی آر کی رپورٹ کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کے دورے کے دوران نیشنل سیکورٹی اور وار کورس مکمل کرنے
والے گریجویٹس سے خطاب کیا۔ انہوں نے بدلتے ہوئے عالمی و ملکی سیکیورٹی ماحول، جنگ کی بدلتی نوعیت اور اس سے لاحق خطرات پر تفصیل سے گفتگو کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ پاکستان کے مفادات یا سرزمین پر کسی بھی حملے کا ایسا منہ توڑ جواب دیا جائے گا جو دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ سخت اور مؤثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت آپریشن “سائندھو” میں مکمل طور پر ناکام رہا اور اب اس شکست کو چھپانے کے لیے بے بنیاد وجوہات پیش کر رہا ہے۔
فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ پاکستان کی دیرینہ اسٹریٹجک حکمت عملی، مقامی دفاعی صلاحیتیں اور مضبوط ادارے ہماری طاقت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، جسے بھارت تسلیم
کرنے کو تیار نہیں۔
