اسکینڈے نیوین نیوز اردو

شاہکوٹ میں اوورلوڈ ٹرالیاں شہریوں کیلئے خطرہ
شاہکوٹ میں اوورلوڈ ٹرالیاں شہریوں کیلئے خطرہ

Thank you for reading this post, don't forget to subscribe!

شاہین اقبال طاہر


تحصیل رپورٹر شاہکوٹ

ایس این این اردو

شاہکوٹ میں گنے سے بھری ہوئی اوورلوڈ ٹرالیاں روزانہ کی بنیاد پر آبادی والے علاقوں میں بے خوف و خطر دوڑ رہی ہیں، جبکہ

انتظامیہ تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ شہر کا ٹریفک سسٹم مکمل طور پر مفلوج ہوچکا ہے، مگر ٹریفک وارڈنز شہر کے اندر ڈیوٹی

دینے کے بجائے شہر سے باہر ناکے لگا کر غریب موٹرسائیکل سواروں کو جرمانوں کی آڑ میں لوٹنے میں مصروف رہتے ہیں۔

دوسری طرف، شہر کے اندر یہی ٹرالیاں مرضی سے سڑکوں پر قبضہ جمائے پھرتی ہیں۔ نتیجہ — ٹریفک جام، شور و غل، دھواں،

شہریوں کی بدترین مشکلات اور کسی جانب سے کوئی عملی کارروائی نہیں۔

اوورلوڈنگ اور حد سے زیادہ اونچائی کے باعث یہ بھاری ٹرالیاں آئے روز بجلی کی تاروں سے ٹکرا جاتی ہیں۔ اس سے گھنٹوں بجلی

بند رہتی ہے، لیسکو کی املاک کو نقصان پہنچتا ہے، ٹرانسفارمر جل جاتے ہیں اور کاروباری سرگرمیاں رک جاتی ہیں۔ مریض

تکلیف میں تڑپتے رہتے ہیں جبکہ پورے علاقے کے گھر اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں۔ چند روز قبل ننکانہ روڈ پر سبزی منڈی کے

قریب ٹرالی کی ٹکر سے ٹرانسفارمر کا جل جانا اس سنگین صورتحال کی تازہ مثال ہے۔

اہلِ علاقہ کے مطابق، بچے، خواتین اور بزرگ روزانہ ان دیوہیکل ٹرالیوں کے درمیان جان ہتھیلی پر رکھ کر گزرتے ہیں۔ شکایات کئی

بار درج کروائی گئیں، مگر نہ ڈرائیوروں کا رویہ بدلتا ہے، نہ رفتار کم ہوتی ہے، نہ چالان ہوتا ہے اور نہ ہی کوئی مؤثر کارروائی سامنے آئی۔

اصل مسئلہ یہ ہے کہ ان بھاری گاڑیوں کا مرکزی روٹ شہر کے درمیان سے گزرتا ہے جہاں روزانہ ہزاروں شہری سفر کرتے ہیں۔

انتظامیہ کی خاموشی، ٹریفک پولیس کی غیر حاضری اور عوام کی بے بسی نے یہ صورتحال محض بدنظمی نہیں بلکہ شہر

کی سلامتی، جان و مال اور بنیادی سہولتوں کیلئے کھلا خطرہ بنادی ہے۔

شہریوں کا مطالبہ

علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایس پی ٹریفک ننکانہ صاحب سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے:

  • شہر کے اندر ٹریفک وارڈنز کی باقاعدہ ڈیوٹی لگائی جائے
  • اوورلوڈ ٹرالیاں آبادی سے باہر نکالی جائیں
  • بجلی کے نظام کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے
  • شہریوں کو ٹریفک جام اور حادثات کے اس مستقل مسئلے سے نجات دلائی جائے

عوام کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ انتظامیہ نیند سے جاگے، ورنہ یہ غفلت کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔