حماد کاہلوں
ایس این این نیوز
جنوبی پنجاب: سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ) کے تازہ ترین آپریشن میں جنوبی پنجاب کا بدنام اور طویل عرصے سے
مطلوب ڈرگ ڈیلر خالد سین پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق خالد سین 1992 سے 2026 تک ناقابلِ گرفت رہا اور اس دوران وہ ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، کرائے کے قتل، منشیات
فروشی اور متعدد پولیس مقابلوں سمیت درجنوں مقدمات میں مطلوب تھا۔
اطلاعات کے مطابق اپنی طویل مجرمانہ زندگی کے دوران خالد سین نے پولیس سمیت مختلف اہم عہدوں پر فائز افسران سے
تعلقات قائم کر رکھے تھے، جس کے باعث وہ گرفتاری کے باوجود چند ہفتوں یا مہینوں بعد رہا ہو جاتا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد سین نے سی سی ڈی کے شکنجے سے بچنے کے لیے بعض اہم سیاسی اور سرکاری شخصیات سے بھی
رابطے کیے اور ہر ممکن ڈیل کے لیے تیار تھا، تاہم وہ اپنے منصوبے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
گزشتہ روز شجاع آباد میں سی سی ڈی کی ایک ٹیم کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران خالد سین اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے
جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
دوسری جانب خالد سین کے اہلِ خانہ نے سوشل میڈیا پر الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے انہیں گرفتار کر کے لے جایا اور بعد ازاں
واقعے کو مقابلے کا رنگ دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
مزید کرائم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کی خبریں ہمارے کرائم نیوز سیکشن میں پڑھیں۔
