شمائلہ اسلم
بیورو چیف پاکستان
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
سنگھڑ: سندھ کے ضلع سنگھڑ میں گزشتہ برس ایک ظالم واقعے کا شکار ہونے
والی اپاہج اونٹی “کیمی” بالآخر ایک سال سے زائد عرصے کے بعد مصنوعی
ٹانگ کے سہارے پہلی بار کھڑی ہو گئی ہے۔
کیمی کو جون 2024ء میں ایک مقامی زمیندار نے اس وقت سخت سزا دی
جب وہ اس کے کھیت میں گھاس چر رہی تھی۔ زمیندار نے بےرحمی سے
اس کا اگلا پاؤں کاٹ دیا۔ اس سفاکی کے بعد علاقے میں شدید عوامی
ردعمل سامنے آیا اور پولیس نے چھ ملزمان کو گرفتار کر کے ریمانڈ پر لے لیا تھا۔
واقعے کے بعد “کیمی” کو کامپری ہینسو ڈیزاسٹر ریسپانس سروسز (CDRS) کے
“بینجی پراجیکٹ فار اینیمل ویلفیئر” نے کراچی منتقل کیا، جہاں وہ مسلسل
علاج اور بحالی کے عمل سے گزر رہی تھی۔
منگل کے روز ادارے کی جانب سے جاری ویڈیو میں کیمی کو مصنوعی ٹانگ
کی مدد سے پہلی بار کھڑے ہوتے اور چلنے کی کوشش کرتے دکھایا گیا۔ اس
منظر نے نہ صرف دیکھنے والوں کو جذباتی کر دیا بلکہ جانوروں کے حقوق کے
تحفظ پر کام کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔
ادارے کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ یہ صرف کیمی کی نہیں بلکہ اُن تمام بے
زبان جانوروں کی جیت ہے، جو انسانوں کے ظلم کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔
