شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف پاکستان
جی بی کے وزیر خزانہ کی سیلاب متاثرین سے بدتمیزی، ویڈیو وائرل
سکردو:
گلگت بلتستان کے وزیر خزانہ انجینئر محمد اسماعیل اس وقت عوامی غصے کا نشانہ بن گئے جب ضلع گھانچہ کے علاقے غورسی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ بدتمیزی کی ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق، متاثرہ دیہاتی دریائی کٹاؤ سے بچاؤ کے لیے خود حفاظتی بند بنا رہے تھے جب انہوں نے وزیر خزانہ کو روک کر فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ وزیر نے غصے میں آ کر نہ صرف متاثرین کو جھڑکا بلکہ ایک معمر شہری سے ہاتھا پائی بھی کی۔ ان کا کہنا تھا،
“ہم نے 12 کروڑ روپے کا منصوبہ دیا تھا، اب بھی شکایت ہے، تم سب جہنم میں جاؤ!”
اس جملے پر متاثرین بھڑک اٹھے اور تنازع شدت اختیار کر گیا۔ تاہم، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر اور دیگر ساتھیوں نے مداخلت کر کے جھگڑا ختم کرایا۔
واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے وزیر کے رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے اقتدار کے نشے میں وہ عوام کو ہی ذلیل کر رہے ہیں جنہوں نے انہیں ووٹ دیا تھا۔
