شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف پاکستان
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) کے منتظمین نے اتوار کو اعلان
کیا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والا انتہائی متوقع لیجنڈز میچ
منسوخ کر دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے ذریعے
تعلقات بہتر کرنے کی نیت تھی، لیکن حالیہ جیو پولیٹیکل کشیدگی اور کچھ
کھلاڑیوں کی مخالفت کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔
ڈبلیو سی ایل انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا، ’’ہمیں
افسوس ہے کہ ہم یہ میچ نہیں کروا پائے۔ شاید ہم نے بہت سے لوگوں کے
جذبات کو غیر ارادی طور پر مجروح کیا۔‘‘
ذرائع کے مطابق، تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب بھارتی
کھلاڑیوں، خاص طور پر شیکھر دھون اور ہربھجن سنگھ نے، مبینہ طور پر شاہد
آفریدی کی موجودگی پر اعتراض کیا اور میچ کھیلنے سے انکار کر دیا۔
برمنگھم، لیسٹر، لیڈز اور نارتھیمپٹن میں شیڈول باقی میچز معمول کے مطابق
جاری رہیں گے، لیکن یہ واضح نہیں کہ ناک آؤٹ مرحلے میں اگر دونوں ٹیمیں
آمنے سامنے آئیں تو منتظمین کا کیا لائحہ عمل ہو گا۔
پاک-بھارت کھیلوں کے تعلقات پہلے ہی محدود ہیں اور ان کے درمیان
باقاعدہ سیریز صرف آئی سی سی ایونٹس تک محدود ہو چکی ہیں۔
