شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف پاکستان
لاہور:
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے ہفتہ کے روز 26 معطل اراکین کے خلاف نااہلی کی درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا، تاہم یہ واضح کیا کہ قانونی کارروائی کا دروازہ مکمل بند نہیں ہوا۔ اسپیکر کا کہنا تھا کہ ان درخواستوں پر کارروائی سے قبل عدالت یا الیکشن ٹریبونل سے باقاعدہ ڈیکلیریشن لینا ضروری ہے۔
فیصلہ سیاسی تناؤ میں کمی کی کوشش کے طور پر سامنے آیا ہے، جہاں اسپیکر نے 26 اپوزیشن اراکین کے خلاف دائر چار علیحدہ علیحدہ درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اسمبلی کا فورم اس معاملے میں ابتدائی کارروائی کے لیے موزوں نہیں۔ ان درخواستوں میں بجٹ اجلاس کے دوران مبینہ بدتمیزی، ہنگامہ آرائی اور اشتعال انگیز رویے کی بنیاد پر نااہلی کی استدعا کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر کے اس فیصلے کے پس پردہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان خفیہ مذاکرات اہم کردار ادا کر چکے ہیں، اور ان معطل اراکین کی بحالی جلد متوقع ہے۔ اگرچہ درخواستوں کو مسترد کر دیا گیا ہے، تاہم اسپیکر نے اپنے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ متعلقہ فریقین قانون کے مطابق دوبارہ رجوع کر سکتے ہیں۔
