شمائلہ اسلم
بیورو چیف پاکستان
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں کرکٹ اور فٹبال
کے 10، 10 گراؤنڈز کی نیلامی پر عارضی پابندی عائد کرتے ہوئے سی ڈی
اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
یہ فیصلہ عدالت نے سابق چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن سردار مہتاب کی
جانب سے دائر کردہ درخواست پر دیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا
تھا کہ سی ڈی اے نے عوامی کھیل کے میدانوں کو 50،50 لاکھ روپے میں
نیلام کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جو کہ عوامی مفاد کے خلاف ہے۔
درخواست گزار کے وکیل، عادل عزیز ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ “یہ
میدان عوامی استعمال کے لیے مختص ہیں اور ان کی نیلامی شہریوں کے
بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ سی ڈی اے ان میدانوں کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کر سکتا۔”
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد نیلامی کے عمل کو عارضی طور پر روک
دیا اور تمام فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔
