شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف پاکستان
پوپ لیو چہاردہم نے غزہ میں جاری جنگ کو “بربریت” قرار دیا اور طاقت
کے بے دریغ استعمال کی سخت مذمت کی، جب کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ
سے غزہ سٹی کے قریب خوراک کے منتظر کم از کم 93 فلسطینی شہید ہو
گئے۔ غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ امداد کی تلاش میں ایک انتہائی خونی موڑ تھا۔
واقعہ اُس وقت پیش آیا جب سینکڑوں افراد اقوام متحدہ کے امدادی ٹرکوں
کی آمد کے انتظار میں تھے۔ اسرائیلی فوج نے ان پر شمالی زیکم کراسنگ کے
قریب گولیاں برسائیں، جس سے موقع پر بھگدڑ مچ گئی اور درجنوں جانیں ضائع ہو گئیں۔
جنوبی غزہ میں رفح کے قریب ایک اور امدادی پوائنٹ پر مزید 9 افراد ہلاک
کیے گئے، جب کہ خان یونس میں بھی امداد کے لیے جمع ہونے والے 4 افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
اسی دوران، اسرائیلی حکام نے ان علاقوں سے فوری انخلا کے احکامات جاری کیے جہاں بے گھر فلسطینیوں کی بڑی تعداد پناہ لیے ہوئے ہے، جس سے بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔
