شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی – بیورو چیف، پاکستان
راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بدھ کے روز دہشت گردی کے خاتمے کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج ہر اندرونی اور بیرونی خطرے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی، قومی یکجہتی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے عزم کو دہرایا۔
انہوں نے بھارت کی دہشت گردی کی پشت پناہی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی بلوچستان کے غیور عوام کی حب الوطنی کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ آرمی چیف نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کو “فتنہ الخوارج” (ٹی ٹی پی) اور “فتنہ الہند” قرار دیا، جو پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار کا حصہ ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا:
“یہ پراکسیز بھی مارکۂ حق کی طرح ذلت اور شکست سے دوچار ہوں گی۔”
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن قومی وقار اور شہریوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور کسی بھی خطرے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
