سدرہ شہزاد
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
لاہور بیورو
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیشی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چودھری سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی سہولت دینے پر اصولی اتفاق کر لیا۔
ملاقات میں انٹرنل سکیورٹی، پولیس ٹریننگ، انسداد منشیات، انسانی سمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔
محسن نقوی کو وزارت داخلہ ڈھاکہ آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے انہیں “اپنے بھائی” قرار دے کر خیر مقدم کیا۔
محسن نقوی نے بنگلہ دیشی پولیس افسران کی ٹریننگ کے لیے پیشکش پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق ہوا، جس کی قیادت پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کریں گے۔
آئندہ ہفتوں میں بنگلہ دیش کا اعلیٰ سطحی وفد نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ کرے گا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے سینئر حکام اور پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔
