شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف پاکستان
لاہور: ہوائی جہازوں کی پروازوں کو محفوظ بنانے کے لیے پنجاب حکومت
نے لاہور کے کئی علاقوں کو نو برڈ زون قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور وائلڈ لائف پروٹیکشن فورس کے تعاون سے بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔
چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الہٰی نے اے پی پی کو بتایا کہ یہ اقدام پنجاب
حکومت کی سخت ہدایات کے تحت کیا جا رہا ہے، اور تمام اسٹیک ہولڈرز و متعلقہ اداروں کو اعتماد میں لے کر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق لاہور ایسٹرن بائی پاس، مناواں ہسپتال، پی کے ایل آئی،
چونگی امر سادھو، اچھرہ اور چاہ میراں جیسے علاقوں کو رنگ فینسنگ کے
ذریعے نو برڈ زون قرار دیا گیا ہے، اور یہاں وائلڈ لائف فورس کی ٹیمیں متحرک ہو چکی ہیں۔
ائیرپورٹ کے قریب پرندوں کی آمد روکنے کے لیے کوڑا کرکٹ پھینکنے پر مکمل
پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور بند ڈسٹ بن کا استعمال لازم قرار دیا گیا
ہے۔ ماحولیاتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے سلاٹر ہاؤس اور
پولٹری فارم بند کر دیے جائیں گے، جبکہ چمڑے کے کاروبار پر سخت قوانین لاگو ہوں گے۔
علاوہ ازیں، چھتوں، صحنوں اور عوامی مقامات پر پرندوں کو دانہ ڈالنے پر
بھی پابندی لگا دی گئی ہے، اور کبوتروں کی پرورش و پرواز پر بھی روک لگا
دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتاری، جرمانے اور سخت سزاؤں کا سامنا ہوگا۔
