شمائلہ اسلم
اسکینڈے نیوین نیوز ایجنسی
بیورو چیف پاکستان
توہین مذہب کے مقدمات کی تحقیقات: اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بنانے اور اس کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین مذہب کے مقدمات کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دینے اور اس کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کا حکم دیا ہے۔ اپنے حکمنامے میں عدالت نے کہا کہ ’دوران سماعت ایسے شواہد سامنے آئے ہیں جن سے ایف آئی اے اور کچھ افراد کے گٹھ جوڑ کے الزامات کو تقویت ملتی ہے۔‘
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ توہین مذہب کے مقدمات کی تحقیقات کے لیے 30 روز میں فیکٹ فائنڈنگ کمیشن تشکیل دے اور کمیشن کی تشکیل کے لیے اگر کوئی اضافی ضابطہ کار (ٹی او آرز) بنانے پڑیں تو وہ بھی بنائے جائیں۔
منگل کی دوپہر اس کیس کا فیصلہ سُناتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا ہے کہ یہ کمیشن چار ماہ میں توہین مذہب سے متعلق مقدمات کی تحققیات مکمل کر کے اپنی حتمی رپورٹ پیش کرے گا۔
